ڈاکٹر یاسمین راشد، بنیادی و ثانوی حفظان صحت، سپیشلائزڈ حفظان صحت اور طبی تعلیم کے لئے پنجاب کی موجودہ صوبائی وزیر ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی)  کی اس رکن کا تعلق سماجی و عوامی فلاحی کارکنوں کے ایک گھرانے سے ہے۔ اُن کے والد ایک پائلٹ تھے اور اُن کی والدہ ایک ڈاکٹر تھیں جنہوں نے ایک معقول عرصے تک پاکستان کی خدمت کی۔ اُن کے سُسر، پاکستان کے سابق وزیر ِتعلیم تھے۔ ڈاکٹر یاسمین نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ انہیں راتوں رات نہیں ملیں، بلکہ وہ زمانہ طالب علمی سے ہی سماجی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں اور اپنے کالج کے دنوں میں اُنہوں نے اپنے سماجی و سیاسی کیریئر کی بنیاد رکھی۔

میدانِ سیاست میں قدم رکھنے سے پہلے وہ حکومتِ پنجاب کے لئے آبسٹیرکس اینڈ گائناکالوجی کی پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اُنہوں نے سماجی فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کر دیا اور زچہ و بچہ اور تولیدی صحت کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لئے کام کرتی رہیں۔ وہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی سربراہ بھی رہ چکی ہیں اور 1998 سے 2000 کے دوران اُنہوں نے ملک میں ڈاکٹروں کے حقوق کی نگہبانی کا فرض نبھایا۔

15 اگست 2018 کو اُنہوں نے ملک کی خدمت کا حلف اٹھایا اور اُس وقت سے وہ بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہیں اور آئے دن ٹی وی سکرینوں پر دیکھنے میں آتی ہیں۔ وہ پنجاب کے شعبہ صحت میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے لئے پُرعزم ہیں۔ موجودہ بحران سے نمٹنے کے لئے اپنی انتھک کوششوں پر بلاشبہ وہ دادوتحسین کی مستحق ہیں۔ پنجاب، آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ اس کا انتظامی کنٹرول آہنی قوت کا تقاضا کرتا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین نے اپنا یہ فرض بطریق احسن نبھایا ہے اور درست وقت پر درست فیصلے کرتے ہوئے حکومتی پالیسیوں کو عملی جامہ پہنانے کی راہ ہموار کی ہے۔ موجودہ وباء کے حوالے سے اُن کے اقدامات اور بیانات پر بارہا انہیں کئی حلقوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا لیکن اُنہوں نے کسی بھی مرحلے پر ہمت نہیں ہاری اور ہمیشہ ثابت قدم رہیں۔ وہ اس امر کو یقینی بنانے کے لئے سرگرم ہیں کہ کرونا وائرس کے موجودہ بحران کے دوران لوگوں کو حقائق پر مبنی معلومات ملیں تاکہ وہ اُن کی روشنی میں درست فیصلے کر سکیں۔ وہ اپنے حکومتی فرائض کو خوش اسلوبی سے نبھانے کے لئے سرگرم ہیں اور مکمل اعتماد اور بھرپور توانائی کے ساتھ اپنی ٹیم کی قیادت کر رہی ہیں۔

Leave a comment

Skip to content