انتخابی عمل میں خواتین کا کردار بہتر بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کی سفارشات
الیکشن کمیشن نے اپنی سالانہ رپورٹ 2018 میں 13 مختلف کیٹیگریز کے تحت سفارشات پیش کیں۔ ان سفارشات کا مقصد پاکستان میں انتخابی عمل کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ ان کے خلاصہ سے لی گئی درج ذیل سفارشات میں ان ممکنہ اقدامات کی بات کی گئی ہے جن کے ذریعے انتخابی عمل میں خواتین کی شمولیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
انتخابی حلقوں کے لحاظ سے پولنگ سٹیشنوں کی فہرست اور پولنگ عملہ کی فہرست کی تیاری
- پولنگ عملہ خاص طور پر خواتین کی حوصلہ افزائی کے لئے اس بات کو یقینی بنایا جا سکتا ہے کہ ان کی ڈیوٹی ان کے گھر کے نزدیک ترین جگہ پر لگائی جائے اور ان کے لئے مالی مراعات میں اضافہ کیا جائے۔
- اس کے علاوہ، خواتین پولنگ عملہ کے لئے خاص طور پر آگاہی اور دلچسپی بڑھانے کی ایک مہم بھی چلائی جا سکتی ہے۔
انتخابی فہرستوں پر نظرثانی
- وفاقی حکومت، نادرا کو ہدایات جاری کر سکتی ہے کہ وہ خواتین، معذور افراد، اقلیتوں اور خواجہ سراؤں کی رجسٹریشن میں پیش آنے والی موجودہ مشکلات او ررکاوٹوں کو دور کرے تاکہ ان کی رجسٹریشن میں اضافہ ہو سکے۔
سیاسی جماعتوں کا اندراج
- الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 202 میں ترمیم کر کے اس بات کو ضروری قرار دیا جا سکتا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے اندراج کے لئے 2,000 ارکان کی جو فہرست فراہم کریں ان میں 20 فیصد خواتین ارکان شامل ہوں۔
سکیورٹی اقدامات
- دوررس بنیاد پر ایک اقدام یہ کیا جا سکتا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لئے اقدامات کریں تاکہ خواتین سکیورٹی عملہ کی کمی کو دور کیا جا سکے۔