قومی شناختی کارڈ بنوانے کا طریقہ

قومی شناختی کارڈ  بنوانے کا طریقہ

قومی شناختی کارڈ، پاکستانی شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے۔ 13 ہندسوں کے منفرد شناختی نمبر کو ملک بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ یہ  ہر فرد کی پہلی ضرورت ہے کیونکہ آپ نے ووٹ  دینا ہو، مختلف دستاویزات مثلاً لائسنس، این ٹی این،بینک اکاؤنٹ، پاسپورٹ وغیرہ حاصل کرنا ہو یا موبائل کنکشن لینا ہو، شناختی کارڈ اس کے لئے لازمی شرط ہے۔ 18 سال سے زائد عمر کا ہر پاکستانی شہری قومی شناختی کارڈ کے لئے اہل ہے۔

جب تک کوئی فرد نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے جاری کیا گیا موثر قومی شناختی کارڈ حاصل نہیں کر لیتا/ لیتی،  وہ ووٹ دینے، انتخابات میں حصہ لینے جیسے بنیادی حق سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا/سکتی اور حکومت سے کوئی مراعات حاصل نہیں کر سکتا / سکتی (ملازمت، صحت کارڈ اور احساس پروگرام کی مراعات)۔

کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ

شناختی کارڈ کی درخواست دینے کے لئے نادرا رجسٹریشن سنٹر (این آر سی) تشریف لے جائیں یا پاک آئیڈنٹٹی کی ویب سائٹ (https://id.nadra.gov.pk) کے ذریعے درخواست دیں۔

نادرا رجسٹریشن سنٹر (این آر سی) جا کر قومی شناختی کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ

این آر سی پہنچنے پر آپ  کو درج ذیل طریقے سے درخواست دینا ہو گی:

  • آپ کو ٹوکن جاری کیا جائے گا۔
  • آپ نے برانچ کے فیس کاؤنٹر پر فیس جمع کرانا ہو گی۔
  • آپ کی تصویر بنائی جائے گی۔
  • آپ کی انگلیوں کے نشانات اوردستخط لئے جائیں گے۔
  • آپ کا مطلوبہ ڈیٹا یا معلومات لی جائیں گی اور فارم پرنٹ کر کے آپ کو دے دیا جائے گا تاکہ آپ درج شدہ تمام معلومات کی تسلی کر سکیں۔
  • درخواست فارم کا ایک پرنٹ آپ کو دے دیا جائے گا۔
  • فارم میں درج معلومات درست ہوں تو گزیٹڈ آفیسر سے اس کی تصدیق کرائیں اور فارم واپس جمع کرادیں۔

اہم بات: اپنے گھر کے کسی فرد (والد/ والدہ/ بھائی/ بہن/ بیٹا/ بیٹی) کو ساتھ لائیں اور این آر سی پر ان کی انگلیوں کے نشانات لگوائیں تو آپ کو اپنا فارم تصدیق کرانے کی  ضرورت نہیں پڑے گی۔

پاک آئیڈنٹیٹی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کا طریقہ

پاک آئیڈنٹیٹی ویب سائٹ پر آپ سمارٹ قومی شناختی کارڈ (ایس این آئی سی) بنوانے کی درخواست دے سکتے ہیں اور گھر بیٹھے اپنا کارڈ وصول کر سکتے ہیں۔ البتہ ویب سائٹ پر آپ نئے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی درخواست نہیں دے سکتے۔ آن لائن طریقے سے صرف پرانے شناختی کارڈ کی تجدید یا اس میں تبدیلی کرائی جا سکتی ہے۔

پاک آئیڈنٹیٹی ویب سائٹ پر آپ صرف تین کام کر کے اپنا قومی شناختی کارڈ حاصل کر سکتے ہیں:

  • ·         پہلا کام: رجسٹریشن کرائیں

پاک آئیڈنٹیٹی کی ویب اپلیکیشن پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں۔ ہوم پیج پر دئیے گئے Apply Now کے بٹن سے آپ اس اپلیکیشن میں جا سکتے ہیں۔ آپ کو اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کے لئے اپنا درست موبائل نمبر اور ای میل پتہ دینا ہو گا۔

 

  • ·         دوسرا کام: فیس جمع کرائیں

آپ کی درخواست کی کیٹیگری کے مطابق درخواست کے شروع یا آخر میں آپ سے کہا جائے گا کہ اپنی فیس جمع کرائیں (فیس کی رقم درخواست کی نوعیت یا کیٹیگری کے مطابق  مختلف ہے)۔ یہ فیس تمام بڑے بینکوں کے کریڈٹ کارڈ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادا کی جا سکتی ہے۔

 

  • ·         تیسرا کام: آن لائن درخواست جمع کرائیں

اپنی درخواست مکمل کریں اور پوری تسلی کر لیں کہ آپ نے جو معلومات درج کی ہیں وہ درست ہیں۔ اپنی تصویر اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں اور انگلیوں کے نشانات لگائیں۔ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے لئے ضروری  ہدایات درخواست کی ہر کیٹیگری کے ہوم پیج پر دی گئی ہیں۔

  • آپ کی درخواست جمع ہو گئی!

نادرا، آپ کی درخواست پر ضروری کارروائی کرے گا اور قومی شناختی کارڈ آپ کے دئیے ہوئے پتہ پر بھجوا دیا جائے گا۔ کسی مزید معلومات کی ضرورت پڑی تو آپ سے رابطہ کر لیا جائے گا۔

نوٹ: یہ معلومات نادرا کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کی گئی ہیں۔

Skip to content