کم کیمبل، کینیڈا کی سیاست دان ہیں جن کا اصل نام ایورل فیڈرا کیمبل ہے۔ وہ 10 مارچ 1947 کو برٹش کولمبیا کے علاقے پورٹ آلبرنی میں پیدا ہوئیں۔ وہ جون 1993 میں کینیڈا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، البتہ ان کا دور اقتدار مختصر تھا جو نومبر کے مہینے میں ہی اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔

کم کیمبل نے 1969 میں یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا سے بی اے کی ڈگری حاصل کی اور لندن سکول آف اکنامکس میں سوویت نظام حکومت کا مطالعہ کیا۔ وہ چھ سال تک پولیٹکل سائنس پڑھاتی رہیں جس کے بعد انہوں نے قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے لئے یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا میں داخلہ لے لیا۔ 1983 میں فارغ التحصیل ہونے کے بعد وہ دو سال تک وینکوور میں قانون کی پریکٹس کرتی رہیں اور پھر سیاست کو کل وقتی کیریئر کے طور پر اپنا لیا۔

کم کیمبل، وینکوور سکول بورڈ کی رکن اور کچھ عرصے تک اس کی سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیتی رہیں۔ 1983 میں وہ برٹش کولمبیا سے سوشل کریڈٹ پارٹی کی جانب سے صوبائی مقننہ کی نامزدگی کے لئے امیدوار بنیں لیکن ناکام رہیں اور مئی 1986 میں انہیں سوشل کریڈٹ پارٹی کی صوبائی قیادت کے مقابلے میں بھی شکست ہوئی۔ اکتوبر 1986 میں وہ وینکوور سے سوشل کریڈٹ پارٹی کی امیدوار کی حیثیت سے صوبائی مقننہ کی رکن منتخب ہوئیں۔

دو سال بعد انہوں نے صوبائی سیاست میں قدم رکھا اور پروگریسو کنزرویٹو کی حیثیت سے فیڈرل پارلیمنٹ کی رکن بنیں۔ 1989 میں انہیں وزیراعظم برائن ملرونی کی جانب سے انڈین افیئرز اینڈ ناردرن ڈویلپمنٹ کی وزیر کے عہدے پر فائز کیا گیا۔ 1990 میں وہ جسٹس منسٹر اور اٹارنی جنرل بنیں اور اپنی اس مدت کے دوران انہوں نے میدان سیاست میں کئی فتوحات حاصل کیں جن میں کینیڈا میں اسلحہ پر قابو پانے کے قوانین کا استحکام اور ریپ سے متعلق سخت قوانین کا نفاذ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

جنوری 1993 میں وزیر دفاع کے طور پر ان کی نامزدگی ایک طرح سے وزیراعظم برائن ملرونی کی جانب سے ان کے سیاسی مستقبل پر اعتمادکا اظہار تھا جس کے کچھ عرصہ بعد ہی خود برائن ملرونی نے میدان سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ جون 1993 میں پارٹی کنونشن کے دوران انہیں برائن ملرونی کی جانشینی کے لئے  منتخب کر لیا گیا اور یوں وہ کینیڈا کی پہلی خاتون وزیراعظم بننے میں کامیاب ہوئیں۔ نومبر میں پروگریسو کنزرویٹو پارٹی کو انتخابات میں عبرتناک شکست کے بعد کم کیمبل نے وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا (ان کی جماعت صرف دو نشستیں جیت پائی اور خود کم کیمبل بھی وینکوور سے منتخب ہونے میں ناکام رہیں)۔ اگلے ماہ وہ پارٹی لیڈر کے عہدے سے بھی مستعفی ہو گئیں۔

کم کیمبل میدان سیاست کو خیرباد کہنے کے بعد ہاورڈ یونیورسٹی کے جان ایف کینیڈی سکول آف گورنمنٹ کی فیلو ہیں۔ وہ 1996 سے 2000 تک لاس اینجلس میں کینیڈا کی قونصل جنرل بھی رہیں۔ اس کے بعد وہ ہاورڈ واپس آ گئیں اور کلب آف میڈرڈ کی سیکرٹری جنرل کے طور  پر خدمات انجام دیتی رہیں۔ یہ وہ تنظیم ہے جس کی بنیاد رکھنے والوں میں وہ بھی شامل تھیں جو سابق سربراہان مملکت پر مشتمل ہے اور دنیا بھر میں جمہوریت کے فروغ کے لئے کام کر رہی ہے۔ کم کیمبل 2004 سے 2006 تک اس عہدے پر فائز رہیں۔ وہ دیگر غیرسرکاری تنظیموں کی بھی رکن ہیں جن میں انٹرنیشنل کرائسس گروپ اور انٹرنیشنل سنٹر فار دی سٹڈی آف ریڈیکلائزیشن اینڈ پولیٹکل وائلنس بھی شامل ہیں۔ ان کی خودنوشت، ‘ٹائم اینڈ چانس’ کے نام سے 1996 میں شائع ہوئی۔

Leave a comment

Skip to content