ہانا سوچوکا، پولینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک سیاست دان ہیں جو 1992 سے 1993 تک پولینڈ کی پہلی خاتون وزیراعظم رہیں۔ وہ 3 اپریل 1946 کو پوزنان کے نزدیک پلیزیو میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد ماہر دواسازی تھے۔وہ پوزنان کی ایڈم مکیوکز یونیورسٹی میں آئینی قانون کی طالبہ رہیں جہاں سے وہ 1968 میں فارغ التحصیل ہوئیں۔ وہ کیتھولک یونیورسٹی آف لوبلن اور مختلف دیگر مقامات پر قانون پڑھاتی رہیں۔ 1980 میں وہ ڈیموکریٹک پارٹی کی رکن بنیں جو اُس وقت پولینڈ کی پارلیمنٹ ‘سیم’ میں کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ اتحاد میں شامل تھی۔ 1981 میں انہوں نے مارشل لاء کے نفاذ کے خلاف احتجاج کیا اور 1984 میں انہیں یکجہتی کی ممانعت پر مبنی قانون کے خلاف ووٹ دینے پر ڈیموکریٹک پارٹی سے نکال دیا گیا۔
1989 اور 1991 میں وہ کمیونزم کے خاتمے کے بعد بننے والی پارلیمنٹ میں منتخب ہوئیں۔ اس موقع پر ان سے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کی درخواست کی گئی کیونکہ وہ پولینڈ کی واحد سیاست دان تھیں جنہیں بنیاد پرست رومن کیتھولک جماعتوں اور پارلیمنٹ کے اعتدال پسند حلقوں، دونوں کا اعتماد حاصل تھا۔ سوچوکا کی ڈیموکریٹک یونین، کرسچن نیشنل یونین اور وسطی دائیں بازو کی لبرل ڈیموکریٹک کانگرس پر مشتمل تین بڑی جماعتوں کا اتحاد اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
اگست 1992 میں ہانا سوچوکا کی حکومت کو کارخانہ سازی، ریل اور کوئلے کی صنعتوں میں احتجاجی مظاہروں کا سامنا تھا لیکن اس کے باوجود وہ قانون سازی کے میدان میں اس وقت کامیاب رہیں جب ایک آئینی ترمیم کے ذریعے ان کی حکومت کو پارلیمانی کارروائی کے بغیر ہی اپنی اقتصادی پالیسی نافذ کرنے کا اختیار مل گیا۔
ہانا سوچوکا سے امیدیں تھیں کہ وہ اپنی انتظامی صلاحیتوں کی بدولت پولینڈ کے روایتی حلقوں اور اصلاحات کے حامی ترقی پسند حلقوں کے درمیان توازن پیدا کرنے میں کامیاب رہیں گی لیکن اکتوبر 1993 میں ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب رہی اور والدیمار پالاک ان کی جگہ وزیراعظم بن گئے۔ بعد میں وہ 1997 سے 2001 تک وزیراعظم جرزی بوزیک کی کابینہ میں وزیر انصاف کے طور پر خدمات انجام دیتی رہیں۔ انہوں نے 2001 سے 2013 تک ‘ہولی سی’ کے لئے پولینڈ کی نمائندہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔