صوبہ | ضلع | پارٹی | حلقہ |
---|---|---|---|
پنجاب | راولپنڈی | پاکستان مسلم لیگ ن | مخصوص نشست/ خیبرپختونخوا |
سیاسی کیریئر
محترمہ مریم اورنگزیب، 2013 کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی امیدوار کی حیثیت سے قومی اسمبلی میں خواتین کے لئے مخصوص نشست پر رکن منتخب ہوئیں۔ وہ مریم نواز کے ساتھ کام کرتی رہیں اور ان کی اس ٹیم میں شامل تھیں جو شعبہ تعلیم کو دیکھ رہی تھی۔ انہوں نے پارلیمانی سیکرٹری داخلہ کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی اور اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ وہ ن لیگ کے یوتھ ویمن ونگ، اسلام آباد اور راولپنڈی کی چیف آرگنائزر بھی رہیں۔ وہ ماحولیاتی تحفظ، ترقی و بین الاقوامی معاہدوں اور ہزاریہ ترقیاتی مقاصد (ایم ڈی جیز) پر عملدرآمد کے لئے سٹریٹجک غوروفکر اور منصوبہ بندی و ترقی کے شعبوں میں خصوصی مہارت رکھتی ہیں۔ اکتوبر 2016 میں انہیں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کی حیثیت سے وزیراعظم نواز شریف کی وفاقی کابینہ میں شامل کیا گیا۔ انہیں وزارت اطلاعات کا قلمدان بھی سونپا گیا۔ اگست 2017 میں شاہد خاقان عباسی کے وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے کے بعد انہیں وفاقی کابینہ میں شامل کر لیا گیا اور دوبارہ وزیر مملکت برائے اطلاعات کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا۔ اپریل 2018 میں ان کا مرتبہ بڑھا کر انہیں وفاقی وزیر بنا دیا گیا اور وہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے عہدے پر فائز ہو گئیں۔ 2 جون 2018 کو انہیں ن لیگ کی باضابطہ ترجمان مقرر کر دیا گیا۔ 2018 کے عام انتخابات میں وہ پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشست پر ن لیگ کی امیدوار کی حیثیت سے دوبارہ قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہو گئیں۔