“ترقی کا کوئی بھی طریقہ عورت کی خودمختاری سے زیادہ موثر نہیں”

خواتین پاکستان کی آبادی کا نصف ہیں۔ کسی بھی ملک یا ریاست کی معاشی ترقی میں خواتین کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ اصناف کے درمیان فرق کو ہی کم کر دیا جائے تو ملک کی خام ملکی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح خواتین کو بااختیار بنا دیا جائے تو پاکستان میں ایک بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ لاتعداد شواہد کی بناء پر ماہرین ثابت کر چکے ہیں کہ اصناف کے درمیان فرق پست معاشی افزائش کا بڑا سبب ہے۔ جن ملکوں میں صنفی امتیاز کی شرح بلند ہے وہاں خام ملکی پیداوار میں افزائش کی شرح ان ملکوں کی نسبت کم ہے جہاں صنفی امتیاز کم ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے مطابق اصناف کے درمیان فرق کے عالمی انڈکس پر پاکستان دنیا کے 149 ممالک میں 148 ویں نمبر پر آتا ہے۔

ہمارے ملک میں خواتین اپنی جہدِ مسلسل پر گامزن ہیں اور آج بھی انہیں لاتعداد مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔ افرادی قوت  میں پاکستانی خواتین کی شمولیت 23 فیصد ہے اور اس لحاظ سے پاکستان دنیا کے 181 ممالک میں 167 ویں نمبر پر آتا ہے۔  خواتین کے آگے بڑھنے میں صرف نقل وحرکت کی پابندیاں ہی حائل نہیں بلکہ انہیں اجرتوں کے شدید فرق کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔ صجت کے بارے میں اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں تقریباً 48 فیصد خواتین اپنی صحت سے متعلق فیصلے کرنے کے حق سے محروم ہیں۔ جہاں تک زچہ کی صحت کا تعلق ہے تو پاکستان بدترین کارکردگی دکھانے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر آتا ہے۔ خواتین کے حقوق کو ہمارے ہاں کچھ زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی، اس کے علاوہ وسائل بھی کمیاب ہیں اور شعبہ صحت پر سرمایہ کاری کا تناسب بھی کم ہے۔ یہ وہ اہم اسباب ہیں جن کے ہاتھوں ہمارے ملک میں خواتین کی صحت کی صورتحال ناقص ہے۔

افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت پر حوصلہ افزائی کے لئے ضروری ہے کہ موثر پروگرام اور پالیساں وضع کی جائیں اور ان کا نفاذ کیا جائے۔ اس کے علاوہ جو قوانین پہلے سے نافذ ہیں ان پر عملدرآمد کی صورتحال میں بہتری لانا بھی انتہائی ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کے مختلف متعلقہ ادارے بھی اپنی جگہ خواتین کو معاونت اور سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کر رہے ہیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں برابری کی بنیاد پر سرمایہ کاری کے ذریعے خواتین کے لئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں جو پاکستان میں اقتصادی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

:تحریر

کنزا  فاروق

Leave a comment

Skip to content