23 نومبر 2018 کو کراچی میں چینی قونصلیٹ پر تین دہشت گردوں نے یلغار کر دی۔ دہشت گردی کی اس کارروائی کو ایک جواں سال اور باہمت خاتون سوہائی عزیز تالپور نے ناکام بنا دیا۔ اُن کی زیرقیادت دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کی بدولت کئی معصوم شہریوں کی جانیں بچ گئیں۔ سوہائی عزیز کے نام کا ڈنکا صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پورے چین میں بھی بجنے لگا۔ صوبائی اور وفاقی حکومت کے عہدیداروں نے اُن کی شاندار کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ چینی قونصل جنرل کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ، مراد علی شاہ نے کہا، “سوہائی عزیز، آپ نے دلیری کی ایک مثال قائم کر دی ہے۔ یہ ہیں وہ خواتین، جو باقی سب سے آگے ہیں”۔

سوہائی عزیز نے 2013 میں سول سروسز آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی۔ سندھ کے ایک پسماندہ علاقے سے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی)  کے عہدے تک پہنچنے والی اس پہلی خاتون نے اپنے خاندان کا نام روشن کر دیا۔ اُن کا تعلق سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان کے گاؤں بھائی خان تالپور کے ایک متوسط گھرانے سے ہے۔ اُن کے اندر معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا جذبہ موجزن تھا جو اُن کے بعض رشتہ داروں کو ناگوار گزرتا تھا لیکن ان کے والد اس خواہش کی تکمیل میں ان کا سہارا بنے اور اپنی ہمت سے وہ اپنی منزل تک پہنچنے میں کامیاب رہیں۔ وہ آگے بڑھتی رہیں اور ایک ایسے پیشے میں شمولیت اختیار کی جس کے بارے میں لوگ یہی سمجھتے تھے کہ یہ صرف مردوں کا شعبہ ہے اور یوں وہ لاتعداد نوجوان لڑکیوں کے لئے ایک مثال بن گئیں۔ یہ باہمت خاتون ایک مثالی ماں بھی ہے جس نے اپنی زندگی اپنے خاندان اور اپنے وطن کی خدمت کے لئے وقف کر دی ہے۔ سوہائی عزیز کی زندگی ایک بہترین مثال ہے جسے دیکھ کر بخوبی اندازہ ہو جاتا ہے کہ خواتین کچھ بھی کر سکتی ہیں، اور جہاں تک فرائض، ذمہ داریوں اور قربانیوں کی بات ہے تو وہ کسی بھی طور مردوں سے کم نہیں۔

سوہائی عزیز تالپور اس وقت سندھ کے ضلع سجاول میں سپرنٹنڈنٹ پولیس کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ موجودہ وباء کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کی جدوجہد میں وہ پیش پیش رہی ہیں۔ بیروزگاری کی شرح میں نمایاں اضافے کے پیش نظر ملک کے کئی علاقوں میں جرائم کا تناسب بھی بڑھ گیا ہے۔ سوہائی عزیزاس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہیں کہ حالات جیسے بھی ہوں،  یہ سرگرمیاں کسی صورت نہیں ہونی چاہئیں اور انصاف کی بھرپور فراہمی  پر کوئی حرف نہیں آنا چاہئے۔

2 Comments

  • by Sidra Batool
    Posted December 8, 2020 9:10 am 0Likes

    More power to her.

Leave a comment

Skip to content